Hur Ali News

پاکستان کی سیاست کے 120 دن بہت اہم ہیں، وزیرداخلہ شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست کے 120 دن انتہائی اہم ہیں، فوجی اورحساس اداروں پر الزام تراشی کرنے والے منہ کے بل گریں گے، یہ ٹارزن بننے اور پگڑیاں اچھالنے کا نہیں سنجیدہ سیاست کا وقت ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان مغرب کی جانب دیکھ رہا ہے جبکہ سیاست مشرق کی جانب سے طلوع ہورہی ہے، یہ پگڑیاں اچھالنے کا نہیں بلکہ سنجیدہ سیاست کا وقت ہے، اگر ہم سنجیدہ سیاست کریں گے توملک کو آگے لے کر جائیں گے، خدانخواستہ اگر کوئی بحران کھڑا ہوگیا ہم اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ22 تاریخ سے سیاست میں تیزی آئے گی، پاکستان کی سیاست کے 120 دن انتہائی اہم ہیں، فوجی اورحساس اداروں پر الزام تراشی کرنے والے منہ کے بل گریں گے، دفاعی اداروں کے بارے بیانات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی موت ہے، صرف میڈیا پر بیانات ہیں، گراؤنڈ پر انہوں نے کچھ کام نہیں کیا، الیکشن کو 22 مہینے رہ گئے ہیں۔
الیکشن سے قبل مسلم لیگ (ن) کی نئی صف بندی ہوگی، یہ عمران خان کی صلاحیتیوں کو کم سجھ رہے ہیں، مسائل ابھریں گے لیکن ان سے ہم سلیقے و طریقے سے نمٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کھلا ہوا ہے، چمن بارڈر پر کچھ مسائل ہیں جنہیں ٹھیک کیا جائے گا۔ بعدازاں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں ملک اور افغانستان کی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں بارڈرز کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے، تمام ملکی حالات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملک کو در پیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان کو ایل او سی سمیت بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ بھی دی گئی۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغانستان کے لیے پاکستان کی امن و استحکام کوششوں کا احاطہ بھی کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *